سندھ میں گڈو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

0
102
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے 14 سے 15 ستمبر تک گڈو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے چیئرمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور فوری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق متعلقہ اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ادھر ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمۂ اطلاعات نے بتایا ہے کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 61 ہزار 205 اور اخراج 5 لاکھ 32 ہزار 72 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح سکھر بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 72 ہزار 320 اور اخراج 4 لاکھ 22 ہزار 400 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 71 ہزار 214 اور اخراج 2 لاکھ 61 ہزار 399 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ سپر فلڈ نے پنجاب کے 28 اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے چناب اور راوی کے ریلوں سے ملتان متاثر ہوا تاہم جلالپور پیروالا اور شجاع آباد کو فوری کوئی خطرہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گڈو بیراج پر پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں ساڑھے 7 لاکھ کیوسک پانی سندھ میں داخل ہوگا۔ صوبے کے 4 ہزار 744 دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سیلاب سے اب تک 45 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 25 لاکھ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 20 لاکھ سے زائد مویشی بھی نکالے گئے جبکہ 101 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔