حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی کے بل معاف کر دیے

0
80
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں اگست کے بجلی بلوں کی وصولی روک دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے سے متعلق غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے تفصیلی ریلیف پیکیج تیار کیا جا رہا ہے، جس کا حتمی اعلان آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جن صارفین سے اگست کے بل وصول ہوچکے ہیں، وہ رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی ہے اور لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، حکومت عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریسکیو اور بحالی کے کام جاری ہیں اور متاثرین کی محفوظ واپسی تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے اجلاس میں بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے اگست کے بجلی بل معاف کر دیے گئے ہیں اور پہلے سے جمع شدہ رقوم بھی واپس کی جائیں گی۔ پاور ڈویژن کو فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔