ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

0
89
pakalerts
pakalerts

راولپنڈی (9 اکتوبر 2025) — پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج دوپہر ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر منعقد ہوگی، جس میں ملکی سلامتی، سرحدی صورتحال اور حالیہ قومی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی یہ پریس کانفرنس موجودہ سیکیورٹی چیلنجز، بارڈر مینجمنٹ اور دہشت گردی کی تازہ لہر کے تناظر میں انتہائی اہم تصور کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی مؤثر اور خود انحصاری پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ ایسی ٹیکنالوجی اپنانے پر یقین رکھتی ہے جو کارگر، مؤثر اور اندرونِ ملک تیار کردہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، بلکہ دفاعی توازن برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ حقیقت پر مبنی مؤقف اپنایا ہے اور کبھی اعداد و شمار یا حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ پاکستان کے خلاف حالیہ دعووں میں کوئی صداقت نہیں اور ہندوستان کسی پاکستانی طیارے کو گرانے میں ناکام رہا۔

ذرائع کے مطابق آج کی پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے اہم وضاحتیں اور پالیسی بیانات متوقع ہیں۔