پاکستان نے آئی سی سی کے غیرمصدقہ اور متعصبانہ بیان کو مسترد کردیا

0
85
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (19 اکتوبر 2025): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاکستان مخالف متعصبانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خود سرحد پار دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان پر 3 افغان کرکٹرز کی فضائی حملے میں ہلاکت کے الزام کو بغیر ثبوت کے بیان کیا گیا، جو ایک غیر مصدقہ اور قبل از وقت مؤقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے الزام لگاتے وقت کوئی قابلِ اعتبار ذریعہ یا ثبوت فراہم نہیں کیا، اور اسے ایک ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش کیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق، بیان میں جانب داری اور تعصب کی واضح جھلک ہے، جس سے بغیر ثبوت الزامات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی خطرناک روایت سامنے آئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ چند گھنٹوں بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جے شاہ اور افغان کرکٹ بورڈ نے بھی اسی مؤقف کو دہرایا، لیکن کسی نے بھی کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات پاکستان کے خلاف جھوٹا تاثر پھیلانے کی ناکام کوشش ہیں، جو آئی سی سی کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ چیئرمین کی قیادت میں آئی سی سی کی جانبداری واضح ہوچکی ہے، ایشیا کپ میں پیش آئے “ہینڈ شیک تنازع” جیسے واقعات نے اس کی ساکھ کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ سیاست اور کھیل کے درمیان واضح حد فاصل برقرار رکھے، اور سیاسی مفادات کے لیے اپنے پلیٹ فارم کو استعمال ہونے سے روکے۔

عطا تارڑ نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی برابری اور غیرجانبداری کے عالمی معیار کے مطابق تمام ممالک کے ساتھ سلوک کرے اور سیاسی اثرات سے بالاتر رہ کر کھیل کی روح (Spirit of the Game) کو قائم رکھے۔

دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ سہ فریقی سیریز شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق افغانستان نے سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے، تاہم پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں بدستور شامل رہیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ تیسری ٹیم کے انتخاب پر غور جاری ہے اور فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔
یہ ٹرائی سیریز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 17 سے 29 نومبر تک شیڈول ہے