پنجاب میں بلاسود قرض جلد واپس کرنے پر 20 فیصد تک رعایت کی تجویز

0
43
pakalerts.pk
pakalerts.pk

واپسی کی مدت کے دوران وفات کی صورت میں قرض معاف کرنے اور معذور ہونے پر بھی رعایت دینے کی سفارش کردی گئی

صوبہ پنجاب میں بلاسود قرض جلد واپس کرنے پر 20 فیصد تک رعایت دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہوا جس میں پروگرام ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں اخوت، این ایس آر پی اور دیگر مائیکروفنانس اداروں کی جانب سے عملی تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں یہ تجویز دی گئی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت فراہم کیے گئے بلاسود قرض کی جلد واپسی پر مستفید افراد کو 20 فیصد تک رعایت دی جائے، قرض کی مدت کے دوران وفات کی صورت میں قرض معاف کرنے اور معذور ہونے کی صورت میں بھی رعایت دینے کی تجویز شامل ہے، جس پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے رعایت کے اطلاق کے لیے ایس او پیز جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

اس موقع پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرض کی واپسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے کی صورت میں ہوگا، رعایت دینے کا مقصد مستفید شہریوں کے لیے مزید سہولت پیدا کرنا ہے، وقت سے پہلے واپس آنے والی رقم سے مزید افراد کو گھر بنانے میں مدد فراہم کی جا سکے گی، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 10 سال کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جاتا ہے تاہم مجوزہ ایس او پیز جلد صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کیے جائیں گے۔                                        

Live