پتوکی (31 اگست 2025) اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ وہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے اور آپریشن کی نگرانی کے دوران جاں بحق ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرقان احمد گزشتہ پانچ روز سے ہیڈ بلوکی کے سیلابی علاقے میں ڈیوٹی پر موجود تھے۔ گزشتہ رات وہ ریسٹ ہاؤس میں آرام کے لیے گئے لیکن صبح جب ڈرائیور نے انہیں جگانے کی کوشش کی تو جواب نہ ملا۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر فرقان احمد واش روم میں مردہ حالت میں پائے گئے، جہاں گرنے سے ان کے سر پر چوٹ بھی آئی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر کی لاش فوری طور پر اسپتال منتقل کر دی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے فرقان احمد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران جان بحق ہوئے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔




























