ایشیا کپ فائنل : محسن نقوی کا نریندر مودی کے ٹوئٹ پر دوٹوک جواب

0
67
pakalerts.pk
pakalerts.pk

لاہور (22 ستمبر 2025) — ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ٹوئٹ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی ذلت آمیز شکستوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

محسن نقوی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کوئی کرکٹ میچ اس ناقابل تردید حقیقت کو مٹا نہیں سکتا۔ کھیل کو جنگ کے ساتھ جوڑنا مودی کی بے بسی کو عیاں کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے کھیل کی اصل روح کو داغدار کیا ہے اور بھارتی وزیراعظم کو آج تک جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں ہونے والی عبرتناک شکست کا درد نہیں بھولا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف بھارت کی فتح پر اپنی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ "کھیل کے میدان میں آپریشن سندور، اور یہ بھی بھارت جیت گیا۔”

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی وزیراعظم اپنی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آپریشن سندور کی ناکامی کو کامیابی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے سنجیدہ حلقے بخوبی جانتے ہیں کہ اس فوجی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کو کس قدر نقصان اٹھانا پڑا تھا۔