دو اپنے لوگوں کو گرین بس، دو اپنے بچوں کو ہونہار سکالرشپس، دو اپنے لوگوں کو لیپ ٹاپ لیکن اس کے لیے بیٹا کام کرنا پڑتا ہے، میری جان آپ کو میں یہ کہہ رہی ہوں؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لیے بغیر سہیل آفریدی پر طنز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سی ایم خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا نام لیے بغیر کہنا ہے کہ عوام بھوکی مر رہی ہے اور آپ لوگوں کو پروٹوکول اور جیل کے باہر دھرنے سے فرصت نہیں۔ لودھراں میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو اپنے لوگوں کو گرین بس، لیپ ٹاپ، ایئر ایمبولینس، موبائل ہسپتال، کسان کارڈ، دو اپنے لوگوں کو میٹروز، ستھرا پنجاب تو اِس کے لیے بیٹا کام کرنا پڑتا ہے، میری جان آپ کو میں یہ کہہ رہی ہوں، میں وزیراعلیٰ نہیں عوام کی خادم ہوں، پنجاب میں مریضوں کو مفت ادویات مل رہی ہیں، میں حلفیہ کہتی ہوں کہ پنجاب کو اپنے این ایف سی کے حصے کا سب سے کم ملتا ہے، جو صوبے یہ بات کرتے ہیں کہ پنجاب کے پاس بہت پیسہ ہے وہ اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے یہ بات کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملتان اوربہاولپور ڈویژن کے9 ہزار سے زائد طلباء کو لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں، سرکاری کالجز کے1 ہزار 295، یونیورسٹیوں کے6ہزار 655 طلباء کو لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں، تمام طلباء کیلئے ہونہار سکالرشپس، لیپ ٹاپس سے بھی کہیں زیادہ کرنا چاہتی ہوں، بہاولپور اور ملتان کا دورہ بھی کیا، طلباء چاہے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لودھراں یا پھر لیہ کے ہوں ان کے درمیان کوئی تفریق نہیں، آپ تمام طلباء نے محنت کی، اپنے ماں باپ سمیت میراخواب بھی پورا کیا، ایک ماں کیلئے اپنے بچوں کیلئے کوئی تفریق نہیں ہوتی۔ان کا کہنا ہے کہ ستھراپنجاب کے اہلکارصوبے کی تمام گلیاں، محلے، شہر اور گاؤں دن رات صاف کررہے ہیں، سی سی ڈی نے پنجاب کو جرائم سے پاک کیا، مخالفین کہتے ہیں پنجاب خواتین کیلئے پہلے سے محفوظ جگہ بن چکی ہے، مجھے اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کا خیال ہے، آپ زیور پہن کر نکلیں تو کسی کو آپ کی طرف دیکھنے کی جرات نہ ہو، کسی جگہ ہراسانی کا واقعہ ہوتا ہے تو پولیس فوری ایکشن لیتی ہے، بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم میری ریڈ لائن ہیں۔مریم نواز کہتی ہیں کہ پنجاب کے بچوں اوربچیوں کیلئے وہ کام ہوں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی، ایک بچی نے کہا نواز شریف کی بیٹی جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے، تمام پروجیکٹس ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں جاری وساری ہیں، لوگوں نے کہا ایک کے بعد ایک پروجیکٹ کیسے ممکن ہے؟ ہم نے پونے دوسال میں ناممکن کو ممکن کردکھایا، پنجاب میں ایک سال میں ایک لاکھ 25 ہزار گھر بن رہے ہیں، اس وقت 70 سے 80 ہزار گھر تکمیل کے مراحل میں داخل ہو رہے ہیں، ہم پنجاب کے لوگوں کو 3مرلے کا مفت پلاٹ دینے جا رہے ہیں، جو کام مرد وزرائے اعلیٰ نہیں کرپائے وہ آپ کی ایک خاتون وزیراعلیٰ نے کر دکھایا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دوسال میں 30 ہزار کلومیٹر سڑکیں بن رہی ہیں، پنجاب میں بڑے بڑے ہسپتال بن رہے ہیں، لاہور میں کینسر کا پہلا سرکاری ہسپتال بن رہا ہے، پنجاب کےہر شہر میں دل کے امراض کے ہسپتال بن رہے ہیں، کلینک آن وہیل لوگوں کی دہلیز پر جاکر علاج کررہے ہیں، 2 ہزار کے قریب پراپرٹی پر قبضے واپس دلوائے جاچکے ہیں، ڈالہ اوروی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا، آپ کو اب پنجاب میں کوئی مافیا نظر نہیں آئے گا، پنجاب اس وقت مافیا فری ہے، یہ سب اعمال نامہ آپ کے سامنے رکھ رہی ہوں کیونکہ میں آپ کو جوابدہ ہوں۔




























