راولپنڈی (18 ستمبر 2025): سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ تنظیم "فتنہ الہندوستان” کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔




























