بنوں میں پولیس سٹیشن کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

0
66
pakalerts.pk
pakalerts.pk

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے

صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب دوہ غوڑا پل پر خودکش دھماکہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا یا، واقعے کی جگہ سے موٹرسائیکل اور ایک لاش ملی ہے، اس دھماکے میں صرف خودکش حملہ آورمارا گیا، مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کچہری کے مرکزی گیٹ کے باہر دھماکہ ہوا، دھماکے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، 11نومبر کو دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جی الیون سیکٹر اسلام آباد کی کچہری کے نزدیک کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور قریب کھڑی گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں، دھماکے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔بتایا گیا کہ دھماکے کے بعد اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس سے افسوسناک مناظر دیکھے گئے جہاں دھماکے کی آوازیں سنائی دینے کے بعد دھویں کے بادل اڑتے دکھائی دیئے، دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، دھماکے میں وکلاء بھی زخمی ہوئے، زخمیوں میں ایک شخص شدید زخمی ہے جسے فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ کچہری کے باہر دھماکے میں ہندوستانی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج ملوث ہے، دھماکہ خودکش تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا، زخمیوں میں وکلاء کے علاوہ سائلین بھی شامل ہیں، دھماکے کے زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا۔