ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید

0
58
pakalerts.pk
pakalerts.pk

پولیس کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشتگردون کی تلاش کیلئے کے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا

 صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پنیالہ کے علاقے میں ڈگری کالج کے قریب دہشتگردوں نے سڑک پر آئی ای ڈی نصب کر رکھی تھی، پولیس موبائل کے پہنچنے پر آئی ای ڈی کا دھماکہ ہو گیا، جس کے بعد دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، اس حملے میں اے ایس آئی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے، تاہم پولیس کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور دہشتگردون کی تلاش کیلئے کے سرچ آپریشن بھی شروع کیا جا چکا ہے جب کہ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہدا کے درجاب کی بلندی کی دعا کی، انہون نے حملے میں زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے کی، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، واقعے کے ذمہ داران کاتعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخواہ پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔