الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگانے والے اگر خود دھاندلی نہ کرتے تو ہمیں کہیں زیادہ ووٹ ملتے

0
15
pakalerts.pk
pakalerts.pk

ایک سیاسی جماعت فارم47 کا الزام لگاتی ہے، وہ کسی بھی فورم پر چیلنج کرسکتے ہیں، انتخاباث میں دھاندلی کا الزام لگانے والے اتنے معصوم نہیں ہیں۔ وزیرصنعت وتجارت پنجاب چوہدری شافع حسین

 صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات پریس کلب کا  دورہ کیا جہاں صدر پریس کلب سید نوید شاہ، جنرل سیکرٹری داؤد شفیع، سابق صدور سمیت  دیگر صحافیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق صدر حافظ عقیل جلیل، علی ابرار جوڑا اور رضوان دلدار بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی۔ صدر پریس کلب سید نوید شاہ نے کہا کہ صوبائی وزیر کا دورہ ہمارے لیے باعثِ خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظہور الٰہی خاندان کا گجرات سے تعلق مضبوط اور گہرا ہے اور وہ شہر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے نکاسِ آب کے منصوبوں میں صوبائی وزیر کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے  صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات پریس کلب اور یہاں کے صحافیوں کو ہمیشہ عزت دی ہے اور ان کی قدر کی ہے۔ درست معلومات کی بنیاد پر صحافت معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا گجرات میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور معاشرتی بہتری کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ سروس موڑ برج کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہے اور اسے ایک ماہ میں مکمل کر دیا جائے گا۔ واسا کے قیام اور نکاسِ آب کے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رحمان شہید روڈ کی تعمیر کے لیے 16 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کروائے گئے ہیں اور یہ منصوبہ سیوریج سسٹم کے ساتھ تین ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی آف گجرات کی جانب جانے والی 6 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ جلال پور جٹاں روڈ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ رابطہ دفتر کو جلد ظہور پیلس منتقل کیا جائے گا۔ شہباز شریف پارک کی اپ گریڈیشن کے تحت مصنوعی جھیل بنائی جا رہی ہے جبکہ چلڈرن اور لیڈیز پارک اور نواز شریف پارک میں بھی سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔

تھانوں کو آپ گریڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور جی ٹی روڈ کے قریب 200 ایکڑ پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ نئی فیکٹریوں کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے میں مزید خوشحالی آئے گی۔ پی ایچ اے گجرات کا قیام بھی جلد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت انتخابات میں فارم 47 کا الزام لگاتی ہے یہ کسی بھی فورم پر چیلنج کرسکتے ہیں،انتخاباث میں دھاندلی کا الزام لگانے والے اتنے معصوم نہیں۔

دھاندلی کا الزام لگانے خود دھاندلی نہ کرتے تو ہمیں کہیں زیادہ ووٹ ملتے۔ انہوں نے کہا گجرات پریس کلب کو اس ماہ گرانٹ ملے گی اور یہاں صحافی کالونی کے قیام کی پروپوزل بھی بنائی جائے گی۔