دنیا کی مشہور اماراتی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنی پروازوں میں پاور بینکس کے استعمال سے متعلق نئے اصول نافذ کر دیے ہیں۔ اماراتی ذرائع کے مطابق ایئرلائن کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر 2025ء سے پاور بینکس کا کسی بھی صورت میں استعمال ایمریٹس کی پروازوں میں ممنوع ہوگا، تاہم مخصوص شرائط کے ساتھ ایک پاور بینک جہاز پر لایا جا سکتا ہے، لیکن اس سے دورانِ پرواز کسی ڈیوائس کو چارج کرنا یا پاور سورس کے ذریعے خود پاور بینک کو چارج کرنا منع ہوگا۔
نئے اصولوں کے مطابق صرف وہی پاور بینک جہاز میں لے جانے کی اجازت ہوگی جن کی گنجائش 100 واٹ آورز سے کم ہو۔ تاہم، ان سے کسی بھی ذاتی ڈیوائس کو چارج نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں ہوائی جہاز کی پاور سپلائی سے چارج کیا جا سکے گا۔ تمام پاور بینکس پر ان کی گنجائش واضح طور پر درج ہونی چاہیے۔ پاور بینکس کو اوور ہیڈ اسٹوریج میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ انہیں سیٹ کی جیب یا سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھے گئے بیگ میں محفوظ رکھنا ہوگا۔ چیک ان شدہ سامان میں بھی پاور بینک شامل کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دبئی کے فلیگ شپ کیریئر نے ایک تفصیلی سیکیورٹی جائزے کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ طیاروں میں پاور بینکس سے لاحق ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔ ایمریٹس کے مطابق کیبن میں قابلِ رسائی مقامات پر پاور بینک کو محفوظ رکھنا اس لیے ضروری ہے کہ اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیش آئے، تو کیبن عملہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے صورت حال پر قابو پا سکے اور خطرے کو ٹالا جا سکے۔




























