امریکی ریاست ہوائی میں سونامی وارننگ کے بعد لوگوں کا بڑے پیمانے پر انخلا جاری

0
105
Pakalerts.pk
pakalerts.pk

اوواہو جزیرے میں چار فٹ بلند لہریں ریکارڈ ہوئیں، تجارتی بحری جہازوں کو بندرگاہوں سے نکالنے کا حکم، کئی پروازوں کا رخ موڑا گیا

امریکی ریاست ہوائی میں سونامی کے خدشے کے باعث جاری وارننگ کے بعد وسیع پیمانے پر شہریوں کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔ اوواہو جزیرے میں چار فٹ بلند سمندری لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ حکام نے ہنگامی سروسز کے ذریعے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اگلے حکم تک انخلا کے زون سے دور رہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سونامی کی لہریں اب بھی ریاست کے ساحلی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، اور وارننگ بدستور نافذ ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ جب تک حکام کی طرف سے باقاعدہ اجازت نہ دی جائے، وہ متاثرہ علاقوں میں واپس نہ جائیں۔ ریاست کی مکمل ساحلی پٹی کو انخلا کے دائرے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے تصدیق کی ہے کہ سونامی کی ابتدائی لہریں ہوائی کے ساحل سے ٹکرا چکی ہیں۔

جاری کردہ بیان میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی اپیل کی گئی ہے۔ سینٹر کے مطابق خطرہ آئندہ کئی گھنٹوں تک موجود رہ سکتا ہے۔ ریاست کے گورنر جوش گرین نے کہا ہے کہ تاحال کوئی ایسی خطرناک لہر سامنے نہیں آئی تاہم پانی کی سطح میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات کو معمول پر آنے میں مزید دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی کوسٹ گارڈ نے تمام تجارتی جہازوں کو ہوائی کی بندرگاہوں سے نکالنے کا حکم دیا ہے اور تمام بندرگاہیں نئی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ کوسٹ گارڈ نے واضح کیا ہے کہ جب تک سونامی کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا، بحری جہازوں کو ساحل کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق ہوائی کی جانب جانے والی کئی پروازوں کا راستہ تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض طیاروں کو واپس روانہ کیا گیا ہے۔

گورنر گرین نے مزید بتایا کہ جاپان اور ہوائی کے درمیان واقع مڈوے اٹول جزیرے سے چھ فٹ بلند لہر گزر چکی ہے اور مزید اونچی لہروں کا بھی امکان ہے۔ یاد رہے کہ یہ سونامی وارننگ روس کے ساحلی علاقے کے قریب 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد جاری کی گئی، جس کے بعد امریکا سمیت کئی ممالک نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

سورس اردو پوائنٹ