غزہ (10 اکتوبر 2025) — فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور بین الاقوامی ثالثوں سمیت امریکا کی جانب سے جنگ کی واپسی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق، حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انکشاف کے بعد کہ "غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے میں ہتھیاروں کی منتقلی شامل ہوگی”، تحریک نے اپنے مؤقف کو واضح کر دیا ہے۔
خلیل الحیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ "یہ معاہدہ غزہ میں جنگ کے مکمل خاتمے، مستقل جنگ بندی کے آغاز، اور اسرائیلی افواج کے انخلا کو یقینی بنانے کے لیے طے پایا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ حماس کی قیادت نے ٹرمپ کے منصوبے پر ردعمل دینے سے قبل اعلیٰ سطحی مشاورت کی اور امریکی امن منصوبے کے حوالے سے ایک ذمہ دارانہ موقف اپنایا۔
خلیل الحیہ نے مزید کہا کہ "حماس نے ایک ایسا ردعمل پیش کیا ہے جو فلسطینی عوام کے مفادات کے عین مطابق ہے،” اور اعلان کیا کہ رفح کراسنگ کو دونوں سمتوں سے کھول دیا جائے گا، جس سے انسانی امداد اور نقل و حمل بحال ہو جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے، اور بتایا کہ ثالثوں اور امریکا کی جانب سے اس بات کی ضمانت دی گئی ہے کہ جنگ دوبارہ شروع نہیں ہوگی۔
خلیل الحیہ کے مطابق، غزہ میں امن کی بحالی اب ایک مستقل اور ناقابلِ واپسی عمل کے طور پر آگے بڑھ رہی ہے۔




























