اپنی غلطیوں سے سیکھ کر ہی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاری کریں گے، ورلڈ کپ تک ہماری حمکت عملی ایسی ہی رہے گی : ٹی ٹونٹی کپتان
پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اعتراف کیا ہے کہ بولنگ اچھی رہی نہ بیٹنگ، ہمیں کھیل کے تمام شعبوں میں بہتری لانا ہوگی۔
میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بولنگ میں شروعات اچھی نہیں کرسکے، بیٹنگ میں لگا تار وکٹیں گنوانے کی وجہ سے مشکل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران اچھی شراکت داری نہیں بنا پارہے، اپنی غلطیوں پربات ضرور کی جاتی ہے کیونکہ ان غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری کریں گے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک ہماری حمکت عملی ایسی ہی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس میدان میں بھی کھیلتے ہیں اُس کے اعداد وشمار دیکھتے ہیں اور گراؤنڈ کے اوسط اسکور سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سلمان علی آغا نے بتایا کہ میری انفرادی پرفارمنس حالیہ دو تین سیریز سے اچھی نہیں رہی، میری کوشش ٹیم کو جتوانے کی ہوگی، میری پہلی ترجیح بیٹنگ کی طرف ہوتی ہے، اگر ٹی ٹونٹی میں ضرورت پڑی تو بولنگ بھی کروں گا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 18.1 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔




























