حکومت کا ملک میں انٹرنیٹ کیبل فالٹ مکمل طور پر دور نہ ہونے کا اعتراف

0
87
pakalerts.pk
pakalerts.pk

پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کر دیا گیا؛ سیکریٹری آئی ٹی کی قائمہپ کمیٹی کو بریفنگ

 حکومت نے ملک میں انٹرنیٹ کیبل فالٹ مکمل طور پر دور نہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے اجلاس میں سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی کیبل میں فالٹ تاحال مکمل طور پر دور نہیں کیا جاسکا، کنسورشیم کی جانب سے کام جاری ہے، پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ ’اسپیکٹرم کی قلت اور قانونی تنازعات کے باعث نیٹ ورک مسائل درپیش ہیں، ملک اس وقت 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر چل رہا ہے جو ناکافی ہے اور حکومت آئندہ دسمبر یا جنوری تک سپیکٹرم آکشن کرانے کی کوشش کررہی ہے‘، بعد ازاں کمیٹی نے ملک بھر میں موبائل سگنلز کی ناقص صورتحال پر اگلے اجلاس میں پی ٹی اے حکام کو طلب کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اجلاس کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کمیٹی کو اگاہ کیا کہ منصوبے پر 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ یہ منصوبہ کورین کمپنی کے تعاون سے مکمل کیا جارہا ہے تاہم پروجیکٹ میں تاخیر کے باعث وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔چند روز قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کہا تھا کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے زیرِ سمندر کیبل میں نصب ایک ریپیٹر کی مرمت مکمل کر لی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو رہی تھی ، کمپنی کی ایک زیرِ سمندر کیبل میں موجود خرابی کو دور کرنے کے لیے مرمت کے کام کی منصوبہ بندی کی گئی جو کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کے تحت انجام دی گئی، جس کے نتیجے مرمتی عمل 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے شروع ہوا اور کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جب کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار اور کنیکٹیویٹی بحال کر دی گئی۔بتایا جارہا ہے کہ سرکاری ملکیت میں چلنے والا پی ٹی سی ایل 3 زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبل نیٹ ورکس کا انتظام کرتا ہے جو پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرتے ہیں، ملک کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والے کل 6 زیرِ سمندر کیبل سسٹمز میں پی ٹی سی ایل کے تین سسٹم، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 2 اور سائبر انٹرنیٹ سروسز کی کیبل شامل ہیں، ان زیر سمندر کیبل سسٹمز کی مجموعی صلاحیت 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ ہے، قومی سطح پر استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔