نائب صدر اسحاق ڈار کی شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات

0
105
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

نیویارک (23 ستمبر 2025): پاکستان کے نائب صدر اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ شام کے صدر احمد الشرع تقریباً 60 برسوں بعد یو این جنرل اسمبلی میں شریک ہونے والے پہلے شامی سربراہ ہیں۔ ملاقات میں پاکستان نے شامی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تجارت، انسانی وسائل اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان اور شام کی تاریخی دوستی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے یو این ہیڈکوارٹرز میں او آئی سی کی خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انھوں نے فلسطین، کشمیر اور اسلاموفوبیا جیسے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کے تحفظ کے لیے او آئی سی کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انھوں نے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند سے ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے کامن ویلتھ وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی خطاب کیا اور کہا کہ دنیا بیک وقت تنازعات، ماحولیاتی بحران، اقتصادی مسائل اور ٹیکنالوجی کے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے جبکہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی طور پر کمزور ممالک میں شامل ہے۔