جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹرمائنڈ افغانستان میں پُر اسرار طور پر ہلاک

0
113
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد: جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ اور کالعدم تنظیم مجید بریگیڈ کا اہم آپریشنل کمانڈر گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق گل رحمان المعروف استاد مرید 17 ستمبر کو افغان صوبے ہلمند میں پرُاسرار طور پر مارا گیا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس میں بھی اس کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گل رحمان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا جو پاکستانی سیکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، سی پیک منصوبوں اور عام شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا۔

ذرائع کے مطابق گل رحمان جعفر ایکسپریس پر حملے کے علاوہ کراچی میں چینی قونصلیٹ، گوادر کے پی سی ہوٹل، خضدار اسکول بس، کراچی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملوں کا بھی ذمہ دار تھا۔

امریکا پہلے ہی مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے، جبکہ پاکستان اور چین اقوام متحدہ سے اس گروہ کو باضابطہ دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گل رحمان کی ہلاکت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین اب بھی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔