کراچی (22 ستمبر 2025) — شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج صبح ہلکی پھوار کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک کراچی میں صبح اور شام کے وقت ہلکی رم جھم کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث بادل بنتے ہیں جس سے ہلکی بارش یا پھوار کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی ہے، جبکہ اس وقت مغربی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر حصوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک بار پھر شدید گرمی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔




























