کراچی (18 ستمبر 2025): سائیٹ اے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے راہگیر کو لوٹنے کے بعد فرار ہونے والے دو مسلح ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سعید اور عبد الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں موٹر سائیکل پر سوار ہوکر منگھو پیر روڈ اسپتال کے قریب انس نامی شہری کو لوٹنے کے بعد فرار ہوئے تھے۔ متاثرہ شخص کی فوری اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو تعاقب کے بعد دبوچ لیا۔ ان کے قبضے سے غیر قانونی 9 ایم ایم پستول، چھینا گیا موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی فیضان علی نے مزید بتایا کہ ملزمان اس سے قبل بھی پولیس مقابلوں اور ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
دوسری جانب فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر 20 سالہ شہری جگو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی۔ پولیس کے جوابی ایکشن میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔




























