لاہور: پاکستانی اداکار و ماڈل خاقان شاہنواز نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت نے مل کر موسمیاتی تبدیلی کا حل نہ نکالا تو آنے والے 10 سالوں میں دونوں ممالک کو شدید نقصان ہوگا اور صرف انٹرنیٹ پر میمز ہی باقی رہ جائیں گی۔
اصل جنگ غربت اور ماحولیاتی بحران سے ہے
انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں خاقان شاہنواز نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ غربت اور کلائمیٹ چینج کے خلاف ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ چند ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے دوران عوام انٹرنیٹ پر میمز بنا رہے تھے، بھارت والے کہہ رہے تھے کہ ہم پاکستان کا پانی روک دیں گے جبکہ پاکستانی طنزیہ جواب دے رہے تھے کہ "مون سون آنے دو، پانی کے ساتھ اور بھی بہت کچھ آئے گا”۔
مون سون نے سب کچھ واضح کر دیا
اداکار نے کہا کہ پھر جب مون سون آیا تو اس قدر تباہی مچی کہ دونوں ملکوں کو اس کے نتائج بھگتنے پڑے۔ "یہی وقت ہے سمجھنے کا کہ اصل جنگ بارشوں، سیلاب، خشک سالی اور ماحولیاتی بحران کے خلاف ہے، نہ کہ ایک دوسرے سے۔”
حل نکالنے کی اپیل
خاقان شاہنواز نے زور دیتے ہوئے کہا:
بجائے اس کے کہ ہم ایک دوسرے پر طنز کریں یا مذہب اور سرحدوں پر بحث کریں، ہمیں بیٹھ کر مشترکہ حل تلاش کرنا ہوگا، ورنہ آنے والے برسوں میں نہ پاکستان بچے گا نہ بھارت، صرف میمز ہی رہ جائیں گی۔”




























