خیبر پختونخوا میں آپریشنز کے دوران 12 جوان شہید، 35 خارجی دہشتگرد ہلاک

0
43
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

راولپنڈی (13 ستمبر 2025): خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 10 سے 13 ستمبر تک جاری سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 35 دہشتگرد ہلاک جبکہ 12 پاکستانی جوان وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 22 بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان میں ہونے والے ایک آپریشن کے دوران 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں افغان شہریوں کی براہ راست شمولیت بھی ثابت ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال سنگین تشویش کا باعث ہے، اور عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنی زمین دہشتگردوں کو استعمال نہ کرنے دے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں، اور بھارتی سرپرست دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔