لاہور (18 ستمبر 2025) ڈیفنس کے علاقے میں دوست کو گھر میں گھس کر بے رحمی سے قتل کرنے والا ملزم پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم احمد ایک روز قبل مقتول حسن کے گھر داخل ہوا اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر رسیوں سے باندھ دیا۔ بعد ازاں اس نے لین دین کے تنازع پر اپنے ہی دوست حسن پر ہتھوڑے سے حملہ کیا اور چاقو کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم نے لاش کو کپڑوں میں لپیٹ کر کمرے میں بند کردیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دروازہ توڑ کر 32 سالہ مقتول حسن کی لاش برآمد کی اور ملزم احمد کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی تحویل میں لے لیا۔
ایس پی کینٹ بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔




























