صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے قومی ہیرو میجر طفیل محمد شہید کو ان کے 67 ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ میجر طفیل محمد نے 67 برس قبل دشمن کے خلاف شجاعت سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کی، اور ان کی یہ قربانی آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم میجر طفیل محمد شہید کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت محفوظ ہے اور قوم اپنے تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی بقا کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ میجر طفیل محمد کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے اور شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کا دفاع جاری رکھے گی۔




























