میں بہت خوش ہوں کہ الحمدللہ لاہور والوں نے قواعد و ضوابط پرعمل کرکے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا بیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی سیف بسنت کا تصور اپنانے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ بسنت کے 25 سال بعد واپس آنے پر لاہور، پنجاب اور پاکستان بھر میں ناقابل یقین ماحول، بسنت کی شاندار تقاریب، جشن، اتحاد اور خوشیوں کو دیکھتے ہوئے مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بسنت کی تقریبات کے اوقات کل صبح 5 بجے تک بڑھا دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ توسیع لاہور کے لوگوں کے لیے بڑے نظم و ضبط کے ساتھ بسنت منانے اور تمام حفاظتی ایس او پیز پر ذمہ داری سے عمل کرنے کا انعام ہے، براہ کرم محفوظ طریقے سے جشن مناتے رہیں، بجلی کے تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ رکھیں اور تمام رہنما خطوط پر عمل کریں، آئیے اس تاریخی بسنت کو سب کے لیے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بسنت پر حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر اہل لاہور کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا، انہوں نے کہا کہ خوشی ہے لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی، میں بہت خوش ہوں کہ الحمدللہ لاہور والوں نے قواعد و ضوابط پرعمل کرکے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا، خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کا تصور پوری طرح اپنایا گیا، کھابے کھائے گئے پیچوں پر پیچ لڑائے گئے، ہوا کے جوش پر پتنگوں کی آنکھ مچولی ہوتی رہی یہی خوشی ہے۔مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقررہ سائزاور مقرر کردہ پنے کےعلاوہ ممنوعہ ڈور استعمال کرنے کی اطلاعات بھی نہیں ملیں، چھتوں پرایس او پیز کے تحت محفوظ بسنت منائی گئی، دھاتی تاراستعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے، سیف بسنت کا تصور لاہور کے بعد دوسرے شہروں میں بھی اپنایا جائے گا، لبرٹی اور اندرون شہرسمیت ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل، 21 فیلڈ ہسپتال بھی متعین تھے، آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔




























