صرف 1 ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں بڑا اضافہ

0
44
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

لاہور (05 ستمبر 2025): ملک میں ایک ہی ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آٹا، پیاز، ٹماٹر، آلو، لہسن، دالیں اور ایل پی جی سمیت 23 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مجموعی مہنگائی 5 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح 3.57 فیصد سے بڑھ کر 5.07 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 4 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں 46.03 فیصد، گندم کے آٹے میں 25.41 فیصد، پیاز میں 8.57 فیصد، آلو میں 1.38 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول میں 2.62 فیصد، دال مونگ میں 1.29 فیصد، لہسن میں 2.04 فیصد، بریڈ میں 1.19 فیصد اور ایل پی جی میں 0.88 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب کیلوں کی قیمت میں 3.86 فیصد، ڈیزل میں 0.91 فیصد، چینی میں 0.13 فیصد اور سرسوں کے تیل میں 0.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں اضافہ زیادہ رہا۔ 17,732 روپے ماہانہ تک آمدنی والے گھرانوں پر مہنگائی کی شرح 5.60 فیصد، جبکہ 44,176 روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 3.78 فیصد ریکارڈ کی گئی۔