کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مناسب وقت پر نہیں کیا گیا۔
محمد عامر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ محمد رضوان کے ساتھ انصاف ہوا ہے۔ ان کے مطابق، رضوان کی قیادت میں پاکستان نے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف سیریز جیتیں — جو کارنامہ بڑے بڑے کپتان بھی انجام نہیں دے سکے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کا فیصلہ صرف ایک اچھی یا بری سیریز کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ "کپتان راتوں رات نہیں بنتے”۔ عامر کے مطابق رضوان ایک ذہین اور باصلاحیت کپتان ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے تجویز دی کہ اگر شاہین آفریدی کو کپتانی دینی ہی تھی تو پہلے انہیں نائب کپتان بنایا جانا چاہیے تھا تاکہ وہ تجربہ حاصل کرسکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں محمد رضوان کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹا کر شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان مقرر کیا ہے۔




























