کل کن علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی، اعلامیہ جاری

0
90
pakalerts
pakalerts

کوئٹہ (21 اکتوبر 2025) — سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے اعلان کیا ہے کہ ضروری مرمتی کام کے باعث کل بروز بدھ، 22 اکتوبر 2025 کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق مرمت کا یہ کام موسمِ سرما سے قبل تنصیبات کی دیکھ بھال کے لیے کیا جارہا ہے۔ اس دوران صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

متاثرہ علاقوں میں مستونگ سٹی، پرنگ آباد، کلی محمد شاہی، کیڈٹ کالج مستونگ، قدکوچہ، منگا چار، قلات اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گیس بندش کے دوران متبادل انتظامات کرلیں تاکہ کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کمپنی نے صارفین سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے تکلیف پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب، کراچی کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں گیس پریشر مشین پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے دو گھر اور چار دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ ملبے سے ایک دکاندار کی لاش برآمد کی گئی، جبکہ زخمیوں میں راہگیر اور اہلِ خانہ شامل ہیں۔