عباس نے ڈربی شائر میں شامل ہونے کے لیے ڈویژن ون کاؤنٹیز کی کئی پیشکشوں کو ٹھکرایا
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کا کاؤنٹی چیمپئن شپ میں نئی کاؤنٹی ڈربی شائر سے 2 سالہ معاہدہ ہو گیا۔
35 سالہ محمد عباس جنہوں نے 2017ء میں اپنا بین الاقوامی ریڈ بال ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک 27 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انگلینڈ کے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ مطلوب غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں کیونکہ انہوں نے 19.89 کی اوسط سے 291 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ہیں محمد عباس نے اپنے کاؤنٹی چیمپئن شپ کیریئر میں ہیمپشائر اور لیسٹر شائر کی نمائندگی کی ہے جبکہ ان کا حالیہ دور ناٹنگھم شائر کے ساتھ آیا تھا اور اس نے اس سال کے شروع میں ان کے ساتھ ڈویژن ون کا ٹائٹل جیتا تھا۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عباس ریڈ بال کے ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں، 2026ء اور2027ء کے لیے عباس کے ڈربی شائر میں شامل ہونے پر خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس غیر معمولی بولر ہیں، حریف بیٹرز کو دباؤ میں لے کر وکٹیں حاصل کرتے ہیں۔
ہیڈ کوچ ڈربی شائر نے کہا کہ میڈن اوورز اور بہترین اوسط سے وکٹیں لینا محمد عباس کی پہچان ہے، ان کا تجربہ ڈربی شائر کے لیے اہم ہے، نوجوان کھلاڑی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔




























