نادرا کسی شہری کا شناختی کارڈ ضبط یا بلاک کیوں کرتا ہے؟ ویڈیو

0
134
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کراچی: گزشتہ پانچ برسوں میں ملک بھر میں 80 ہزار 847 شناختی کارڈز کو بحال یا ضبط کیا گیا۔ یہ شناختی کارڈ کیوں بلاک یا ضبط کیے جاتے ہیں، اس حوالے سے نادرا آفیسر سید شباہت علی نے وضاحت پیش کی۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شناختی کارڈ کا غیر فعال ہونا، Impounding یا ڈپلیکیٹ کے اجرا کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں۔

ان کے مطابق "امپاؤنڈنگ” ایک قانونی اصطلاح ہے جسے عام زبان میں شناختی کارڈ بلاک ہونا کہا جاتا ہے۔ اس صورت میں کارڈ غیر مؤثر ہوجاتا ہے اور کہیں بھی استعمال نہیں ہوسکتا۔ اس کے پیچھے کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے غیر مصدقہ معلومات، بائیومیٹرک مسائل یا کارڈ کی مدت ختم ہونا۔ ایسے شہری کو نیا کارڈ بنوانے یا درستگی کے لیے نادرا کے دفتر سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔

ڈپلیکیٹ کارڈ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ماضی میں اس طریقے سے کارڈ بنوانا عام تھا، تاہم اب نادرا کے نظام میں جدید بہتری کے باعث یہ عمل تقریباً ناممکن بنا دیا گیا ہے۔

غلط معلومات فراہم کرنے پر سزا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیٹا بیس میں جھوٹ بولنا ریاست کے ساتھ دھوکہ دہی کے مترادف ہے، جو ایک جرم ہے۔ اگرچہ نادرا نے ابھی تک کسی شہری کو اس بنیاد پر سزا نہیں دلوائی، تاہم قانون کے مطابق اس جرم پر قید اور جرمانہ دونوں ہو سکتے ہیں۔