نسلہ ٹاور کی نیلامی 4 ستمبر کو ہوگی، عدالت نے متنازع درخواست مسترد کردی

0
114
pakalerts.pk

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے نسلہ ٹاور کی نیلامی میں متنازع اضافی زمین شامل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ ٹاور کی نیلامی 4 ستمبر کو ہی ہوگی۔

تفصیلات

سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بلڈر نے نسلہ ٹاور میں 357 مربع گز اضافی زمین بھی حاصل کی تھی، جسے نیلامی میں شامل نہ کرنے سے الاٹیز کو مکمل ادائیگی ممکن نہیں ہوگی۔

آفیشل اسائنی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹاور کی مارکیٹ ویلیو ایک ارب ایک کروڑ 40 لاکھ روپے لگائی گئی ہے، جبکہ نیلامی کا عمل 81 کروڑ 12 لاکھ روپے سے شروع ہوگا۔ ان کے مطابق اس مرحلے پر اعتراض کا مقصد صرف نیلامی کو روکنا ہے۔

عدالت کا فیصلہ

عدالت نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ نے صرف 780 مربع گز زمین کی نیلامی کا حکم دیا تھا اور اضافی اراضی کو شامل کرنا اس فیصلے میں ترمیم کے مترادف ہوگا۔ لہٰذا درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

عدالت نے مزید کہا کہ نسلہ ٹاور کی زمین کی نیلامی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جمعرات، 4 ستمبر کو ہوگی۔