سعودی عرب (25 اگست 2025): وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
ریاض میں مسئلہ فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کا 21 واں خصوصی اجلاس چیئرمین حقان فیدان کی صدارت میں جاری ہے، جس میں تمام رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔
اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناقابلِ قبول ہے اور یہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان اس منصوبے کو سختی سے رد کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے معصوم فلسطینیوں کو بدترین بربریت اور اجتماعی سزا کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ غزہ میں قحط کی سنگین صورتحال ہے اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی غزہ سے جبری بے دخلی اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور وہاں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ اور محفوظ فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔




























