ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، پاکستان اور سری لنکا آج آمنے سامنے ہوں گے

0
103
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

ایشیا کپ 2025 کے ٹی ٹوئنٹی سپر فور مرحلے کا تیسرا مقابلہ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم دبئی سے ابوظہبی پہنچ چکی ہے اور گزشتہ روز آرام کے بعد آج میدان میں اترے گی۔ قومی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا، بصورت دیگر حساب کتاب اور ’’اگر مگر‘‘ کی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔

سپر فور مرحلے میں شامل تمام چاروں ٹیموں کے پاس فائنل تک رسائی کا موقع موجود ہے اور کسی بھی ایک کامیابی سے ٹیمیں فائنل میں پہنچ سکتی ہیں۔

ادھر پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے سلمان علی آغا کی پرفارمنس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسپورٹس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلمان علی آغا مسٹری اسپنرز کو کھیلنے میں مشکلات کا شکار ہیں اور وہ بولر کا ہاتھ چیک کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جو کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں خطرناک پہلو ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ جب وہ کپتان تھے تو سلمان علی آغا تیسرے نمبر پر کھیلتے تھے اور یہ پوزیشن ان کے لیے بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔ لیکن اگر وہ اسی انداز میں کھیلتے رہے تو مسٹری اسپنرز کے خلاف ان کی خامیاں مزید واضح ہوں گی۔ ان کے مطابق یا تو انہیں اپنی بیٹنگ نمبر پر واپس جانا ہوگا یا پھر اپنی کمزوری پر فوری قابو پانا ہوگا۔