پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی

0
92
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک) – پاکستان نے ٹرائی سیریز کے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی۔ یو اے ای کی طرف سے آصف خان نے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ کپتان محمد وسیم 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کے باؤلرز میں حسن علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان مرزا اور صائم ایوب کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 69 رنز بنائے جن میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ حسن نواز نے 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ محمد نواز نے بھی 15 گیندوں پر 25 رنز جوڑے۔

یو اے ای کی جانب سے صغیر خان اور جنید صدیق نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حیدر علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا جبکہ حسن علی اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے باعث بولرز کا خیال رکھنا ضروری ہے اور بڑا اسکور بنا کر مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنا ہدف ہے۔