ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.2 ریکارڈ

0
48
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، بٹگرام، ملاکنڈ، ہری پور، صوابی، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقوں میں بھی آیا۔ زلزلے کے بعد عوام گھروں اور دفاتر سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز افغانستان کے ہندوکش پہاڑی سلسلے میں تھا، اس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ماہرین کے مطابق زمین تین بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے: یوریشین، بھارتی اور اریبین۔ زیر زمین دباؤ بڑھنے سے یہ پلیٹس حرکت کرتی ہیں اور زمین ہلتی ہے، جسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی صورت میں چاروں طرف پھیلتی ہیں۔ ایسے علاقے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں زیادہ خطرے میں رہتے ہیں اور وہاں بڑے زلزلے دوبارہ بھی آسکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا کہ پاکستان کا دو تہائی حصہ فالٹ لائنز پر ہے، جس کے باعث ملک کے کئی شہر زلزلوں کی زد میں ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام علاقے خطرناک زون میں شامل ہیں۔ کشمیر اور گلگت بلتستان سب سے زیادہ حساس ہیں۔ دنیا بھر میں زلزلوں کے حوالے سے پاکستان پانچواں خطرناک ترین ملک شمار ہوتا ہے۔

سورس اردو پوائنٹ