اسلام آباد (30 ستمبر 2025) — قومی اسمبلی میں خواتین پارلیمانی کاکس کے اجلاس کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب پارلیمنٹ ہاؤس کیفیٹیریا سے منگوائے گئے سینڈوچز میں لال بیگ نکل آیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کر رہی تھیں، جب کھانے میں لال بیگ دیکھ کر اراکین نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
اراکین کا ردِعمل
اجلاس میں شریک رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور نے کہا کہ "یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی کھانے میں لال بیگ نکل چکے ہیں۔ ہمیں اپنی اور قوم کی صحت کی فکر ہے لیکن پارلیمنٹ جیسے اہم ادارے میں بھی اگر کھانے کا یہ حال ہے تو یہ انتہائی افسوسناک ہے۔”
دیگر خواتین اراکین نے بھی کیفیٹیریا کے ناقص معیار اور صفائی کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس بات کا عکاس ہے کہ ادارے میں صفائی ستھرائی اور معیاری کھانے کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جا رہا۔
صفائی کے انتظامات پر سوالیہ نشان
ممبران نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کیفیٹیریا میں فوری طور پر صفائی کے معیارات کو بہتر بنایا جائے اور غیر معیاری کھانے کی فراہمی پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق خواتین کاکس نے اس معاملے کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔




























