اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے جرات و بہادری کی ایسی لازوال مثال قائم کی ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
یوم شہادت پر خراجِ عقیدت
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 60ویں یوم شہادت پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران انہوں نے مسلسل پانچ دن تک دشمن کے حملے پسپا کیے اور لاہور پر قبضے کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم، بشمول میری ذات، کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
افواج پاکستان کی قربانیاں
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت مصروفِ عمل ہیں۔
"جب بھی دشمن نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا، ہماری بہادر افواج نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی طرح سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک کا دفاع کیا۔”
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے تحفظ کے معاملے پر وہ اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔




























