غیر ملکی سم خریدنے اور بیچنے والے ہو جائیں خبردار

0
77
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (28 اگست 2025): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کر دیا ہے کہ غیر ملکی سم کارڈز کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو سخت قانونی کارروائی اور بھاری سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پی ٹی اے کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بارہا عوام کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا جا چکا ہے۔ اتھارٹی نے تنبیہ کی ہے کہ غیر ملکی سم خریدنا یا بیچنا پاکستان میں غیر قانونی ہے اور اس میں ملوث افراد کو جیل اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید یہ کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی اے نے نشاندہی کی تھی کہ جرائم پیشہ عناصر شہریوں کی چوری شدہ معلومات کا استعمال کرکے ان کے نام پر غیر قانونی سم حاصل کرتے ہیں، جو بعد ازاں فراڈ، مجرمانہ سرگرمیوں اور دہشت گردی میں استعمال ہو سکتی ہیں۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سموں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے cnic.sims.pk ویب سائٹ وزٹ کریں۔ اگر انٹرنیٹ میسر نہ ہو تو قومی شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس کرکے بھی یہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ غیر استعمال شدہ سمز کو فوری بلاک کروائیں اور نئی سم صرف کمپنیوں کے مجاز سیلز پوائنٹس، کسٹمر سروس سینٹرز یا فرنچائزز سے خریدیں تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔