اسلام آباد (28 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 18 ارکان قومی اسمبلی نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے یہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروائے۔ استعفیٰ دینے والوں میں بیرسٹر گوہر، جنید اکبر، شہریار آفریدی، عامر ڈوگر، امجد علی خان، شہزادہ گشتاسپ، علی خان جدون سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔
مزید مستعفی ہونے والوں میں صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، مجاہد علی، انور تاج، فضل محمد خان، ساجد خان، ارباب عامر، آصف خان، ارشد ساہی، شبیر قریشی اور اویسی جھکڑ کے نام بھی شامل ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ:
"ہم نے بڑی کوشش کی کہ سسٹم کا حصہ رہیں لیکن اب بات یہاں تک پہنچ گئی ہے۔ ہم 91 نشستوں کے ساتھ اسمبلی میں موجود ہیں، مگر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ سیاست ہے، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔”
اسی دوران، پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے قائد کے حکم پر دونوں قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔




























