لاہور – پنجاب میں مسیحی برادری کے گرجا گھروں میں عباداتی و دعائیہ تقریبات کے دوران پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں گرجا گھروں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی مکمل نگرانی اور اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپروائزری افسران خود سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری ، سنائپرز ، اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف میں مؤثر گشت کرتی رہیں۔ پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مکمل چوکنا رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شرپسند عناصر پر گہری نظر رکھیں۔
اس موقع پر گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات پر سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے پہلے ہی نمٹا جا سکے۔ آئی جی پنجاب نے بین المذاہب ہم آہنگی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام، مسیحی برادری کے رہنما اور امن کمیٹیاں معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
سورس اردو پوائنٹ




























