موسمیاتی تبدیلی تباہی میں بدل چکی، جدید ترین پیشگی وارننگ سسٹم پنجاب میں متعارف کرائیں گے

0
103
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی براہ راست نگرانی میں صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزراء، ارکان اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب کو حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور جانوں کے تحفظ کے لیے گرینڈ ریسکیو آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہیں اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

سیلاب سے اب تک 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ تین دریاؤں کے طغیانی کے باعث مجموعی طور پر 2 ہزار 38 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے چناب سے 1,169، دریائے راوی سے 462 اور دریائے ستلج سے 391 علاقے متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 15 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہوئے جن میں سے تقریباً 4 لاکھ 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اس وقت 511 ریلیف کیمپس اور 351 میڈیکل کیمپس متاثرہ عوام کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جہاں 6 ہزار سے زائد افراد مقیم ہیں۔ مزید برآں 4 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ریسکیو مشنز کے لیے کشتیوں کی تعداد 808 تک بڑھا دی گئی ہے اور صرف 36 گھنٹوں میں 68 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے پیشگی انتظامات اور تجاوزات کے خلاف اقدامات کی وجہ سے بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب ایک بڑی تباہی کی شکل اختیار کر چکی ہے، اسی لیے پنجاب میں جدید وارننگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں شامل اہلکار حقیقی ہیروز ہیں اور متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔