قوم کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے تک ڈٹا رہوں گا: عمران خان

0
115
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک قوم کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد نہیں کروا لیتا، اسی طرح ڈٹ کر کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے یہ پیغام اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کے دوران قوم تک پہنچایا۔

عمران خان نے کہا کہ حالیہ احتجاجی تحریک میں ہونے والی گرفتاریاں ہوں یا 9 مئی فالس فلیگ پر کینگرو کورٹس کی غیرمنصفانہ سزائیں، یہ سب فسطائیت ہے مگر عوام نے کسی صورت حوصلہ نہیں ہارنا۔ "آپ کا کپتان آج بھی سینہ تان کر کھڑا ہے، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔”

انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو 5 اگست اور 14 اگست کے احتجاجی مظاہروں پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ظلم و جبر کے طوفان کے سامنے ڈٹ جانا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ جیل میں قید رہ کر بھی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور مکمل قید تنہائی کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

ان کے مطابق اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات بند کر دی گئی ہے، معلومات کے تمام ذرائع منقطع ہیں، حتیٰ کہ اہل خانہ کی جانب سے بھیجی گئی درجنوں کتابوں میں سے صرف چند ہی فراہم کی گئیں جبکہ ذاتی ڈاکٹر تک رسائی بھی روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی غیر انسانی سلوک بشریٰ بی بی کے ساتھ بھی روا رکھا جا رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ "اندھیری رات جتنی بھی طویل ہو، اس کی صبح ضرور آتی ہے۔ ظلم کی یہ رات ختم ہونے والی ہے اور انشاءاللّہ انصاف و آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔” انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور قوم سے ریسکیو و ریلیف مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔

سورس اردو پوائنٹ