راولپنڈی: دھمیال کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 7 سالہ بچی کی قبر کے قریب سے کفن ملنے پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قبر کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جادو ٹونے کی غرض سے بچی کی قبر کھودی اور بعد میں دوبارہ قبر تیار کر دی۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر قبر کشائی بھی کروائی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی راولپنڈی میں ایک 7 سالہ بچی کی میت قبر سے غائب ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ ورثا نے بتایا تھا کہ بچی 26 اگست کو انتقال کر گئی تھی اور خالد کالونی قبرستان میں تدفین ہوئی تھی، مگر اگلے روز قبر کھلی ہوئی ملی۔
علاقہ مکینوں اور بچی کے والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی چند ماہ قبل تھانہ گوجرخان کے علاقے چنگا میرا کے مقامی قبرستان میں ایک قبر کھود کر میت کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا انکشاف ہوا تھا، جس میں مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔




























