سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، وزیراعظم

0
102
pakalerts.pk
pakalerts.pk

سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کر دیا جائے؛ شہبازشریف کا خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے اور زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے اگست کے بلوں کی وصولی موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بہت تباہی ہوئی ہے، ہمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے، اس مشکل گھڑی میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی۔قوم سے خطاب مین سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بہت تباہی ہوئی، جانی نقصان کے علاوہ مال مویشی اور روزگار اور گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں میں اشیاء خورد و نوش اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، اسی تناظر میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے مہینے کے بجلی کے بل معاف کیے جا رہے ہیں، گھریلو صارفین کو اب اگست کے بل ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے، اس مشکل گھڑی میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی، یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے کوئی ان پر احسان نہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے جو گھریلو صارفین اپنے اگست کے بجلی کے بل ادا کر چکے ہیں انہیں یہ رقم اگلے ماہ کے بجلی کے بل میں واپس کر دی جائے گی، اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اسی طرح متاثرہ علاقوں میں زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبے سے وابستہ صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کی اگست کے مہینے کی بجلی کی بل کی وصولی کو مؤخر کیا جا رہا ہے، اگر ان صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو انہیں مزید ریلیف دینے کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے، اس سلسلے میں متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔شہبازشریف کہتے ہیں کہ سیلاب سے متاثر علاقوں میں تباہی اور نقصانات ہوئے ہیں اور ہمارے بزرگ ،مائیں، بہنیں ،بیٹیاں کھلے آسمان تلے جن مشکلات کا شکار ہیں ہم ان سے بخوبی واقف ہیں، اس صورتحال میں یہ کوششیں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی کا سبب بنیں گی، سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ایک مرتبہ پھر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں اور متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کر دیا جائے۔