ویزا جاری کرانے کے بعد 30 دن کے اندر سعودی عرب آنا ضروری ہوگا ورنہ ویزا منسوخ ہو جائے گا
سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئی عمرہ پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ہفتے سے کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب نے عمرہ انٹری ویزے کی مدتِ میعاد تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی ہے، جو ویزے کے اجرا کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔ تاہم زائر کے سعودی عرب پہنچنے کے بعد قیام کی مدت بدستور تین ماہ ہی رہے گی۔
العربیہ نیوز کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں نئے عمرہ سیزن کے آغاز جون کے اوائل سے اب تک غیر ملکی زائرین کو جاری کیے گئے عمرہ ویزوں کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس سال کا عمرہ سیزن صرف پانچ ماہ میں غیر ملکی زائرین کی ریکارڈ تعداد کے لحاظ سے سابقہ تمام سیزنز سے آگے نکل گیا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزے سے متعلق ضوابط میں چند ترامیم کی ہیں۔
ترمیم شدہ قواعد کے مطابق، اگر زائر ویزہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخلے کے لیے رجسٹریشن نہیں کراتا تو اس کا عمرہ ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نئے ضوابط آئندہ ہفتے سے نافذالعمل ہوں گے۔ عمرہ و زیارت کی قومی کمیٹی کے مشیر احمد بجعیفر نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزارت کی جانب سے متوقع طور پر عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی تیاریوں کا حصہ ہے، خصوصاً گرمیوں کے اختتام اور مکہ و مدینہ میں درجہ حرارت میں کمی کے بعد۔ اس اقدام کا مقصد دونوں مقدس شہروں میں رش اور بھیڑ کو کم کرنا ہے۔




























