وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ کی خطیبوں کو کرایوں میں اضافے کے خطرات پر روشنی ڈالنے کی تلقین
ریاض (7 اکتوبر 2025) — سعودی عرب میں وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے تمام خطیبوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ خطبۂ جمعہ میں گھروں کے کرایوں میں غیر ضروری اضافے کے خطرات پر روشنی ڈالیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ اسلامی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرایوں میں غیر معمولی اضافے سے عام شہریوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے اس مسئلے پر معاشرتی آگاہی ضروری ہے۔
وزیرِ اسلامی امور نے خطیبوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے خطبوں میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعتدال، توازن اور انصاف کے پیغام کو اجاگر کریں، تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور سماجی ذمہ داری کا احساس بڑھایا جا سکے۔
شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے کہا کہ جائیداد مالکان کو چاہیے کہ وہ کرایہ داروں پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ ڈالیں، کیونکہ ایسے اقدامات سے گھریلو نظام اور عوامی خوشحالی متاثر ہوتی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق حکومت نے کمرشل جائیدادوں کے کرایوں میں سالانہ اضافہ آئندہ پانچ سال کے لیے روک دیا ہے، تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مالی مشکلات سے بچایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کا مقصد تمام رہائشیوں کے لیے پُرسکون اور متوازن معاشی ماحول فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب، سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ پالیسی کو مزید آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اب کسی بھی ویزے — بشمول وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزا — پر آنے والے افراد عمرہ ادا کر سکیں گے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے، جس کا مقصد زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزارت نے بتایا کہ “نسک” عمرہ پورٹل کو بھی مزید اپڈیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عمرہ زائرین کے لیے عمل کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔

































