سعودی عرب میں زائرین کی بس کو خوفناک حادثہ

0
66
pakalerts
pakalerts

سعودی عرب میں ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں زائرین سے بھری بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی زائرین کی بس ڈیزل سے لوڈ ایک ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بس میں زیادہ تر ہندوستانی عازمین سوار تھے، جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ سے بتایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثہ سعودی وقت کے مطابق رات تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

حیدرآباد سے رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بتایا کہ حادثے کے وقت بس میں 42 عازمین موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن سے مسلسل رابطے میں ہیں، جنہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ تمام معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

اویسی نے مزید کہا کہ انہوں نے بھارتی حکومت اور وزیرِ خارجہ سے درخواست کی ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو ہندوستان منتقل کرنے اور زخمیوں کو فوری و مؤثر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔