شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز کا کرم میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، 7خوارج ہلاک کردیئے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے دوگر میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف آپریشن کیا۔
فتنہ خوارج کے خلاف آپریشن خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مئوثر کارروائی کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک کردیئے گئے۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد ،سپاہی اعجاز علی ، سپاہی محمد بن ولید، سپاہی محمد شہبازنے بھی جام شہادت نوش کیا۔
کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے۔ کیپٹن نعمان نے محاذ پر میڈیکل خدمات کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز انسداد دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔علاقے میں بھارتی حمایتی فتنہ خوارج کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔




























