بھارت جھگڑالو پڑوسی کی بجائے اچھے ہمسائے کی طرح رہے، وزیراعظم

0
85
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

لندن (21 ستمبر 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ بھارت کو جھگڑالو پڑوسی کے بجائے ایک اچھے ہمسائے کی طرح برتاؤ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ظلم و ستم جاری ہے، جہاں اب تک 64 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ وہاں خوراک، پانی اور ادویات پر بھی پابندی عائد ہے۔

لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ جو کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کیے بغیر پاک-بھارت تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں وہ خام خیالی میں مبتلا ہے۔ پاکستان بھارت سے برابری کی بنیاد پر بات چیت چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے جنگوں پر اربوں ڈالر ضائع کیے جبکہ یہ رقم عوام کی ترقی اور فلاح پر خرچ ہونی چاہیے تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں اور ساتھ رہنا مقدر ہے لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر تعلقات ممکن نہیں۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس سال انہوں نے ساڑھے 48 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام میں نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور عالمی فورمز پر پاکستان اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔